پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ایک دفعہ پھر جمعے ہی کے دن ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ کچرے سے بھرے دو پلاسٹک بیگز لے کر کھڑے ہیں۔
تصویر کے ساتھ ٹرنر نے لکھا ہے کہ پھر جمعے والے دن صبح کی سیر، پھر کچرے کے دو تھیلے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے ٹویٹ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ٹیگ کیا اور لکھا کہ’صفائی نصف ایمان ہے‘۔
پاکستانی سابق کرکٹر وسیم اکرم نے برطانوی کمشنر کے ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ یہ واقعی شرمناک بات ہے، ہم یہ کس طرف جا رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے کچرا صاف کرنے پر کرسچن ٹرنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
فخر عالم نے بھی کمشنر کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانیوں گند پھیلانا بند کردو۔ انہوں نے بھی کرسچن ٹرنر کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پچھلے جمعہ پر بھی صفائی کے حوالے برطانوی ہائی کمشنرکی ٹویٹ وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے ایک تصویرشئیر کی تھی جس میں وہ مرگلا پر کچرا جمع کرریے ہیں جبکہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جس میں آدھا کھایا ہوا کھانا بھی ہے ۔
برطانوی ہائی کمشنر نے تصویر کے ساتھ اپنی ٹویٹ میںیہ بھی لکھا تھا کہ کھانا باٹنے کے لئے ہوتا ہے پھینکنے کے لئے نہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے جمعہ کی مارننگ واک کے ہیش ٹیگ کے ساتھ مزید لکھا کہ مارگلہ پر کچرے کے دو بیگز جمع کر لئے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں ڈی سی اسلام آباد کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ برائے مہربانی اسلام آباد کو صاف و خوبصورت رکھنے میں تعاون کریں۔