خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اسلام آباد میں اپنی نوعیت کی ایک اور شاندار مسجدد تعمیر کروانے کی منظوری دے دی ہےجس کی تصدیق خود وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پہ جاری اپنے ایک بیان میں کی۔
تفصیلات کے مطابق جامع مسجد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تعمیر کی جائے گی، جس میں 12 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔ مسجد کے ہال میں 4 ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے،جبکہ مسجد کی بیرونی صفوں میں 6 ہزار افراد نماز پڑھ سکیں گے، اس کے علاوہ مسجد میں خواتین کے لیے بھی خاص مصلہ تعمیر کیا جائے گا جس میں 2 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر گذشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔ اس موقع پر خاتون اول بشریٰ بی بی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھیں، جبکہ گورنرسندھ، گورنر کے پی، وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ کے علاوہ سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر خوراک پنجاب علیم خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری اور عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔