ڈاکٹر فردوس عاشق خود شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے لگیں 

گوجرانوالہ: ویکسینیشن سنٹر کے اچانک دورے کے دوران فردوس عاشق اعوان نے شہریوں کو خود ویکسین لگانا شروع کر دی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان آئے روز کسی وجہ سے خبروں کی زینت رہتی ہیں، حال ہی میں اْن کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں شہریوں کو کورونا ویکسین لگاتی دکھائی دے رہی ہیں۔

فردو س عاشق اعوان کو زیادہ تر لوگ سیاست دان کے طور پر جانتے ہیں مگر وہ ایک ڈاکٹر بھی ہیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق نے اپنے اس ہنر کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے صحافیوں کو اپنے ہاتھوں سے ویکسین لگائی۔

گوجرانوالہ میں صحافیوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے،گزشتہ روز اچانک دورے کے موقع پر فردوس عاشق اعوان وہاں پہنچیں تو انہوں نے چند صحافیوں کو اپنے ہاتھ سے ویکسین لگائی۔

اس دوران ایک شخص نے فردوس عاشق اعوان کی جانب سے صحافی کو ویکسین لگانے کی ویڈیو کیمرے کی آنکھ میں عکس بند کر کے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔یہ ویڈیو بعدازاں دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔