تہران: سابق ایرانی صدر احمدی نژاد نے دھمکی دی ہے کہ صدارتی الیکشن کے لیے اگر میرے کاغذات نامزدگی قبول نہیں کیے گئے تو میں ریاست کے اہم اور حساس راز افشا کردوں گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں رواں برس 18 جون کو صدارتی الیکشن ہوں گے جس کے لیے اب تک 7 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ کاغذات جمع کروانے والوں میں سابق صدر احمدی نژاد بھی شامل ہیں۔
احمدی نژاد 2005 سے 2013 تک ایران کے صدر رہے تاہم انہیں 2017 میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور اس بار بھی ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادھر ایران میں غیر مصدقہ اخباری اطلاعات کے مطابق دستوری کونسل اس بار بھی احمدی نژاد کے کاغذات نامزدگی قبول نہیں کرے گی اور اس کے لیے کوئی آئینی عذر تراشا جائے گا۔
دوسری طرف سابق صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں اور کسی نے انہیں روکا تو وہ بہت سے ملکی راز فاش کردیں گے۔ احمدی نژاد نے انتخابات کے بائیکاٹ کا بھی عندیہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ موجودہ وزیر خارجہ جواد ظریف نے لیک ہونے والی آڈیو میں ملکی پالیسیوں اور امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایران کے معروف کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی جس کے بعد وہ مضبوط امیدوار ہونے کے باوجود انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے۔