'پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن' منصوبے متعلق اہم پیش رفت

 اسلام آباد:پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن کی تعمیر کے سلسلے میں اہم پیش رفت، دونوں ممالک نے بین الحکومتی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جس کا نام پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن رکھا گیا ہے۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے سفیر شفقت علی خان اور روس کے وزیر توانائی نے گیس پائپ لائن کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے، معاہدے کے مطابق نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کے منصوبے پرپیش رفت تیز ہوگی،معاہدے کے 60 روز کے اندر پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن قائم کی جائے گی۔

وزارت توانائی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنی پائپ لائن منصوبے پرعملدرآمد کرائے گی، معاہدے میں منصوبے کا نام بھی پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن رکھا گیا ہے۔

خیال رہے روس کے ساتھ 2015 میں معاہدہ ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔

پاکستانی حکام کی طرف سے اس معاہدے کی لاگت کا اندازہ 2.25 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ 2015 میں ہونے والے اس معاہدے کے مطابق روس نے اپنے خرچے پر گیس پائپ لائن تعمیر کرنی تھی اور 25 برس کے بعد پاکستان کے حوالے کرنا تھی۔ پہلے طے شدہ ماڈل کے تحت روس نے اس پراجیکٹ پر 85 فیصد رقم خرچ کرنا تھی جبکہ پاکستان نے 15 فیصد خرچ کرنا تھا۔

گزشتہ برس نومبر میں دونوں حکومتوں نے انٹر گورنمنٹل معاہدے میں ترامیم پر اتفاق کیا تھا جس پر آج دستخط ہوئے ہیں۔