دریا میں لاشیں پھینکنے والا گروہ پکڑا گیا

اتر پردیش: بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والے مریض کی لاش کو پل سے دریا میں پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دو افراد کو کورونا سے ہلاک ہونے والے مریض کی پلاسٹک میں لپٹی لاش کو دریا میں پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

لاش دریا میں پھینکنے والوں میں سے ایک نے پی پی ای لباس بھی پہن رکھا ہوتا ہے جو عمومی طور پر اسپتال کا عملہ پہنتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آگئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ابتدائی تحقیات میں پتہ چلا کہ یہ لاش ریاست اترپردیش کے علاقے شہرت گڑھ کے رہائشی پریم ناتھ مشرا کی ہے جو کورونا کے باعث 25 مئی کو ضلعی اسپتال میں داخل ہوا تھا اور 28 مئی کو اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت میں رواں ماہ کے آغاز میں کورونا کے مریضوں کی 50 سے زائد لاشیں دریائے گنگا میں تیرتی ہوئی آئی ہیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔