نئی دہلی: پاکستان کی امن پسند پالیسیوں اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لیے کی گئی کوششوں کے باعث ہونے والے سیز فائر پر بھارت کے آرمی چیف جنرل منوج مکھنڈنروا بھی پاکستان کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں انڈین آرمی چیف جنرل منوج مکھنڈنروا نے کہا کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر 3 ماہ سے قائم سیز فائر کی وجہ سے خطے میں امن کو فروغ حاصل ہوا اور شہریوں میں تحفظ کے احساس میں اضافہ ہوا ہے۔
بھارتی آرمی چیف نے ایل او سی پر جنگ بندی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیز فائر سے سب سے زیادہ فائدہ سرحدی آبادی کے مکینوں کو ہوا ہے اور اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ جنگ بندی سے سیکیورٹی صورت حال میں بھی بہتری آئی ہے۔
بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی کے خاتمے اور کشیدہ صورت حال کی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے تاہم تعلقات کو معمول پر لانے کے لمبے سفر کا یہ پہلا قدم ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی سطح پر صدائے احتجاج بلند کرتا آیا ہے اور شہریوں کے جانی و مالی نقصان پر بروقت بھارتی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کراتا رہا ہے۔
علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی اور لاک ڈاؤن پر بھی پاکستان نے بڑی کامیابی سے یہ معاملات عالمی برادری کے سامنے رکھے تھے جس کے باعث درپیش دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت سیز فائر کے لیے راضی ہوا تھا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ بھی نہیں جب کسی اعلیٰ بھارتی عہدیدار نے پاکستان کی امن کاوشوں کی کھل کی تعریف کی ہے اس سے قبل بھی بھارتی فوج کے سابق سینیئر افسران اور عہدیدار پاکستان کی امن پسندی کو سراہ چکے ہیں۔