واشنگٹن : امریکا میں مسافر بردار طیارہ جھیل برد ہوگیا، طیارہ حادثے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثہ امریکی شہر ریاست ٹیننسی میں گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب علی الصبح طیارے نے ہوائی اڈے سے اڑان بھری۔
سیسنا سی 501 طیارہ ٹیننسی کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی فنی خرابی کے باعث جھیل میں جاگرا، جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 7 مسافر ہلاک ہوگئے۔
رتھر فورڈ کاؤنٹی کے فائر بریگیڈ ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہفتہ کو رات گئے تک امدادی عملہ حادثے کے مقام پر موجود تھا اور لاشیں نکالنے کی کوششیں پوری رات جاری رہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ایوی ایشن نے طیارے حادثے کی تحقیقات کےلیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
خیال رہے کہ 12 مئی کو امریکا میں ایک مال بردار طیارے اور چھوٹے طیارے میں تصادم ہوا تھا، تاہم حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔