لندن:کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی برطانوی فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی زینت بن گئیں۔
ملالہ یوسف زئی کو ووگ میگزین کے اگلے ماہ جولائی میں شائع ہونے والے ایڈیشن کے سرورق کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ملالہ نے فیشن میگزین کے سرورق کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ میں ایک ایسی لڑکی جس کے دل میں وژن اور مشن ہو اس کی طاقت کو جانتی ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہر وہ لڑکی جو اس سرورق کو دیکھے گی وہ یہ جان جائے گی کہ وہ دنیا کو تبدیل کرسکتی ہے۔
ملالہ کی شیئر کی گئی تصویر اور ٹوئٹ کو سوشل میڈیاصارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
دوسری جانب ملالہ کے انٹرویو کوبرطانوی فیشن میگزین ووگ کی جانب سے ملالہ کی غیر معمولی زندگی کے عنوان سے میڈیا پر شیئر کیا گیا۔
انٹرویو میں ملالہ کا کہنا تھا کہ دوپٹہ ہمارے پشتون ثقافت کی پہچان ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارا تعلق کہاں سے ہے، جب ہم پشتون یا پاکستانی لڑکیاں اپنے ثقافتی لباس پہنتے ہیں تو ہمیں مظلوم، بے آواز سمجھا جاتا ہے لہٰذا میں ہر ایک کو بتانا چاہتی ہوں کہ آپ اپنی ثقافت کے اندر بھی خود کی آواز بن سکتے ہیں۔