کراچی: نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا شادی سے متعلق دیا گیا بیان مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے اور لوگوں کی جانب سے ملالہ کے اس بیان پر تنقید کی جارہی ہے۔
گزشتہ روز فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو پبلش ہوا تھا جس میں انہوں نے شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا ’’مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات) پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیوں یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟۔‘‘
ملالہ یوسفزئی کے اس بیان پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے اور لوگ تمام سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر اس بیان سے متعلق اپنی اپنی رائے دے رہے ہیں۔ ٹوئٹر پرتو ملالہ ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی ہیں۔
اداکارہ متھیرا کو ملالہ یوسفزئی کا بیان پسند نہیں آیا۔ انہوں نے ملالہ پر تنقید تو نہیں کی لیکن اپنی طویل انسٹااسٹوری میں نکاح اور شادی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ تاہم اداکارہ وینا ملک ملالہ کے اس بیان پر کافی غصہ میں نظر آئیں انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے غصے کا اظہار بھی کیا۔
سوشل میڈیا صارفین بھی ملالہ کے اس بیان پر برہم ہیں۔ لوگوں نے ملالہ کے خیالات اور لباس پر طنز کرتے ہوئے انہیں منافق قرار دیا۔
کومل انصاری نامی خاتون صارف نے لکھا متھیرا اسلام اور نکاح کی اہمیت کے متعلق ملالہ سے زیادہ بہتر جانتی ہے۔
ایک اور صارف نے کہا اب سے میرے لیے متھیرا ملالہ سے زیادہ قابل عزت ہے۔
ایک صارف نے لکھا 2012 میں لگنے والی گولی نے ملالہ کے دماغ پر 2021 میں اثر کیا ہے۔