تل ابیب: اسرائیل کی اپوزیشن جماعتوں نے مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد نیتن یاہو کی حکومت ختم ہوجائےگی۔
اسرائیلی حزب اختلاف کی 8 جماعتیں مخلوط حکومت کے قیام کے لیے معاہدے پر متفق ہوگئی ہیں جس کے بعد 12 سال سے برسر اقتدار نیتن یاہو کی حکومت ختم ہوجائے گی اور ان کی لیکوئڈ پارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتیں اپوزیشن میں بیٹھیں گی۔
نیتن یاہو نے اپنے بارہ سالہ اقتدار کے خاتمےکے لیے بننے والے اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دائیں بازو کے ارکان پارلیمنٹ کو اقتدار کے لیے اتحاد بنانے سے روکا جائے۔
حزب اختلاف کے رہنما یائر لاپڈ نے نئی حکومت کے قیام کے لیے 8 جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنایا ہے جس میں اسرائیل میں عرب برادری کی نمائندہ جماعت یونائیٹڈ عرب بھی شامل ہے جب کہ مخلوط حکومت کے معاہدہ کی اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری لازمی ہے جس کے بعد نئی حکومت اور اسرائیلی وزیراعظم اپنے عہدوں کا حلف اٹھا سکیں گے۔