تھائی لینڈ: ہمیں تو جہاں بھی لال بیگ نظر آتا ہے، اسے فوراً ہی چپل سے مار ڈالتے ہیں لیکن تھائی لینڈ کا ایک رحم دل شخص فٹ پاتھ پر پڑے ہوئے ایک زخمی لال بیگ کو لے کر جانوروں کے اسپتال پہنچ گیا۔ اسپتال میں جانوروں کا ڈاکٹر بھی ویسا ہی رحم دل نکلا اور اس نے زخمی کیڑے کا مفت میں علاج شروع کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے تھائی لینڈ میں جانوروں کے ’’سائی راک‘‘ اسپتال میں ڈاکٹر تھانو لمپاتاناوانچ کے پاس ایک آدمی آیا جس کی ہتھیلی پر زخمی لال بیگ تھا۔
یہ اسے قریب کی فٹ پاتھ سے ملا تھا جہاں کوئی شخص اسے کچل کر چلا گیا تھا۔ نرم دل ڈاکٹر تھانو نے اس شخص کا مذاق اُڑانے کے بجائے لال بیگ کی جان بچانے کی کوششیں شروع کردیں اور لال بیگ کے علاج کا کوئی معاوضہ بھی نہیں لیا۔
ڈاکٹر تھانو کےلیے یہ اپنی نوعیت کا سب سے پہلا واقعہ تھا اور خود انہیں بھی معلوم نہیں تھا کہ زخمی لال بیگ کا علاج کیسے کیا جائے۔ لہٰذا انہوں نے لال بیگ کو فوراً اسپتال کے آکسیجن ٹینک میں رکھ دیا، اس امید پر کہ بہتر طور پر آکسیجن ملنے سے وہ صحیح ہوجائے۔
’’اب اس لال بیگ کے زندہ بچنے کے امکانات 50 فیصد ہیں،‘‘ ڈاکٹر تھانو نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا۔
یہ تو معلوم نہیں کہ بعد میں وہ لال بیگ زندہ رہ سکا یا نہیں، لیکن اس غیرمعمولی اور حیرت انگیز رحم دلی کو لاکھوں لوگوں نے سراہا اور یوں یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مشہور ہوگیا۔