واشنگٹن:فیس بک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو 2 سال کیلئے معطل کردیا۔
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان فیس بک اوور سائٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد کیا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ سابق صدر کے اکاؤنٹ پر غیرمعینہ مدت تک پابندی کے معاملے پر نظرثانی 6 ماہ کے اندر کی جائے۔
فیس بک کے عالمی امور کے نائب صدر نک کلیگ کی جانب سے جاری بیان کہا گیا 'ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی معطلی کا باعث بننے والے حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہمارا ماننا ہے کہ ان کے اقدامات ہمارے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر مبنی تھے، جس پر نئے پروٹولز کے زیرتحت سخت ترین سزا دی جانی چاہیے، ہم نے ان کا اکاؤنٹ 2 سال تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 7 جنوری 2021 سے ہوا ہے'۔
کمپنی نے بتایا کہ معطلی کی مدت ختم ہونے پر ماہرین کے ساتھ مل کر جائزہ لیا جائے گا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کیا جائے یا نہیں۔نک گلیگ کے مطابق 'ہم تمام عناصر بشمول تشدد کے واقعات، پرامن احتجاج پر پابندیوں اور دیگر معاملات کی جانچ پڑتال کریں گے، اگر ہمیں لگا کہ اب بھی عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ موجود ہے، توہم اس پابندی کو مزید بڑھا دیں گے اور حالات کا جائزہ لیتے رہیں گے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب اکاؤنٹ بحال ہوجائے گا تو ایسا میکنزم بنادیا جائے گا جو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیس بک پالیسیوں کی خلاف ورزی پر حرکت میں آجائے گا۔
فیس بک کی نئی پالیسی کے تحت اکاؤنٹس کو ایک ماہ، 6 ماہ، ایک سال اور 2 سال کے لیے معطل کیا جاسکتا ہے۔اس سے قبل فیس بک کے خودمختار بورڈ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عائد کی جانے والی پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔