برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری کے گھر بیٹی کی پیدائش جمعے کے روز ہوئی جس کا نام انہوں نے اپنی دادی ملکہ الزبتھ اور آنجہانی والدہ لیڈی ڈیانا کے نام پر 'للی بیٹ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر' رکھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’للی‘ کی پیدائش امریکا کی ریاست کیلفورنیا کے شہر سانتا باربرا کے مقامی ہسپتال میں ہوئی۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے ایک بیان بھی جاری کیا جس کے مطابق بیٹی کی پیدائش 4 جون کو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش پر دنیا بھر سے موصول ہونے والی دعاؤں اور نیک تمناؤں پر مشکور ہوں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زچہ و بچہ دونوں خیریت سے ہیں جبکہ نومولود کا وزن 7 پاؤنڈ اور 11اونس ( 3 کلو اور 486 گرام) ہے۔
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں مئی 2019 میں بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی۔