کینیڈا:ریاست اونٹاریو میں مذہبی منافرت میں مبتلا ایک نوجوان نے مسلمان پاکستانی خاندان پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ گزشتہ روز کینیڈا کی ریاست اونٹاریو کے شہر لندن میں میں پیش آیا جہاں مذہبی منافرت میں مبتلا مقامی کینیڈین شہری نے فٹ پاتھ پر انتظار میں کھڑے مسلمان پاکستانی خاندان پر جان بوجھ کر حملہ کیا اور ان پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد میں عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹاسلمان، بہو اور کمسن پوتی جاں بحق ہوئی جب کہ 9 برس کا پوتا شدید زخمی ہوا۔
کینیڈا میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے پاکستانی خاندان کا تعلق لاہور سے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلمان پاکستانی خاندان کو ٹرک سے روندنے والا دہشتگرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور مقامی کینیڈین شہری ہے جسے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کے 4 اور اقدام قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ جان لیں ہم لندن سمیت پورے ملک کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کینیڈا میں اسلاموفوبیا کیلیے کوئی جگہ نہیں اور یہ نفرت قابل مذمت ہے، اسے روکنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لندن سے موصول ہونیوالی خبروں سے گھبرا گیا ہوں اور ان لوگوں کے پیاروں کو جو نفرت انگیز حرکتوں سے گھبرائے ہوئے تھے ان کیلیے حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس زخمی بچے کیلیے حاضر ہیں جو کہ اسپتال زیر علاج ہے اور کہا کہ جیسے ہی تم صحتیاب ہوجاؤ گے ہمیں یاد رہو گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کو جمعرات کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب کینیڈین پاکستانی رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد نے واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت کا مقابلہ کر کے جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔
کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سمیت تمام مسلم کمیونٹی اس سانحے کے بعد سے تشویش کا شکار ہے۔