پیرس:فرانس میں صدر ایمانوئیل میکرون کو ایک نوجوان نے سب کے سامنے زور دار تھپڑ رسید کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون وبا میں کمی کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے پر جنوب مشرقی علاقے ڈروم کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ریستورانوں کے مالکان اور طلبا سے ملاقات کی تھی۔
ایمانوئیل میکرون جیسے ہی ایک عمارت سے باہر نکلے تو سامنے موجود افراد نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا جس پر صدر نے آگے بڑھتے ہوئے ٹی شرٹ پہنے اور ماسک لگائے نوجوان سے ہاتھ ملایا۔
نوجوان نے ہاتھ ملاتے ہی صدر ایمانوئیل میکرون کے منہ پر تھپڑ جڑ دیا۔
صدر اس اچانک حملے سے گھبرا گئے اور حواس باختہ ہوگئے۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فورا صدر کو نوجوان سے دور کیا۔ اس دوران وہ نوجوان میکرون اور ان کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگاتا رہا۔
پولیس نے صدر ایمانوئیل میکرون کو تھپڑ مارنے کے جرم میں دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔