جنوبی افریقا کی رہائشی 37 سالہ خاتون نے بیک وقت 10 بچوں کو جنم دیا جن میں 7 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔
برطانوی آن لائن اخبار دی میل کے مطابق جنوبی افریقہ کی 37 سالہ گوسیام تامارا سیٹھول نامی خاتون، جو پہلے ہی جڑواں بچوں کی ماں ہیں، نے پیر کے روز پریٹوریہ کے ایک اسپتال ڈیلیوری آپریشن کے ذریعہ سات لڑکوں اور تین لڑکیوں کو جنم دیا ہے۔
خاتون کے شوہر ٹیبوگو سیوتسی نے دس بچوں کی پیدائش پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ‘خوش’ اور ‘جذباتی’ ہیں۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ تمام بچے زندہ ہیں مگر قبل از وقت پیدائش کی وجہ سے اُن کا وزن کم ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق ان بچوں کو چند ماہ کے لیے انکیبیوٹر پر رکھا جائے گا تاکہ وہ صحت مند ہوسکیں۔
سیتھول نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ وہ قدرتی طریقے سے حاملہ ہوئی تھی تاہم اس طرح کے کیسز فرٹیلیٹی ٹریٹمنٹ کرانے کے نتیجے میں سامنے آتے ہیں۔
اس سے قبل مالی کی حلیمہ نامی خاتوں نے مراکش کے ایک اسپتال میں نو بچوں کو جنم دیا تھا ، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے بھی فرٹیلیٹی ٹریٹمنٹ سے نو بچوں کو جنم دیا تھا۔
دی میل آن لائن کے مطابق آزادانہ طور پر 10 بچوں کی پیدائش کی تصدیق نہیں کی جاسکی کیوںکہ جس اسپتال میں یہ پیدائش ہوئی ہے اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
ایک فرٹیلیٹی ڈاکٹر جس نے پہلے اس کیس پر تبصرہ کیا تھا اس سے تصدیق کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم اس نے اس حوالے سے مؤقف نہیں دیا۔