محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ملک کے اکثر علاقوں میں ابر رحمت برسنے کی نوید سنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی رات سے اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، سیالکوٹ، گجرنوالہ سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر و گلگت بلتستان میں ہفتہ و اتوار کو بارش جم کر برسے گی، ابر رحمت برسنے سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی ہوگی بلکہ موسم خوشگوار ہوگا اور گرمی کے ستائے عوام کو چند روز کیلئے ٹھنڈی ہوائیں نصیب ہوں گی۔ بارشوں کا سلسلہ پیر کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ترجمان ڈاکٹر ظہیر بابر کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات سے پیر کی صبح تک اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، سیالکوٹ، گجرنوالہ سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر و گلگت بلتستان میں بارشوں کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا۔
رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں ماہ ملک میں معمول کی بارش ہونے جبکہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے پہلے نصف کے مقابلے میں دوسرے نصف کے دوران زیادہ بارشیں ہوں گی۔ جون کے دوسرے و تیسرے ہفتوں کے دوران بارش کے 2سے 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے۔ جون کے پہلے نصف میں سندھ، بلوچستان و پنجاب کے میدانی علاقوں میں ایک یا دو بار ہیٹ ویوچلنے کی توقع ہے جبکہ درجہ حرارت میں اضافہ سے شمالی علاقہ جات میں برف کے پگھلاؤ میں تیزی آئیگی۔