کابل: افغانستان میں فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گرنے سے تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
افغان خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر صوبہ میدان وردک میں گرکر تباہ ہوگیا۔
افغان وزارت دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ حادثہ میدان وردک کے ضلع جغاتو میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 3 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔
وزارت دفاع کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو زخمی سکیورٹی ممبران کی منتقلی کے لیے اس علاقے میں بھیجا گیا تھا۔
دوسری جانب افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا ہےکہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار نہیں ہوا بلکہ انہوں نے اس کو نشانہ بنایا تاہم سرکاری حکام کی جانب سے طالبان کے دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔