امریکی ادارے انٹرنل ریونیو سروس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 25 امیر ترین امریکی اپنی آمدنی کے مقابلے میں کئی سالوں سے یا تو ٹیکس دیتے ہی نہیں یا نہ ہونے کے برابر دیتے ہیں۔
اس فہرست میں دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس سمیت اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک بھی شامل ہیں۔
فوربز کے اعدادو شمار کے مطابق ان امیر شخصیات کی جب مجموعی مالیت میں 401 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا تب انہوں نے وفاقی انکم ٹیکس میں 13.6 بلین ڈالر جمع کرائے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایمازون کے بانی جیف بیزوس ٹیکس دینے پر یقین ہی نہیں رکھتے. پرو پبلیکا میں شائع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیف بیزوس نے 2007 اور 2011 میں کوئی ٹیکس نہیں ادا کیا۔
انہوں نے 2014 سے 2018 میں ٹیکس کی مد میں 0.98 فیصد ادا کیے جبکہ اس دوران ان کی دولت میں 99 ارب کا اضافہ ہوا۔
دنیا کے دوسرے امیر شخص ایلون مسک کا نام بھی ٹیکس نا دہندگان کی فہرست میں آیا ہے۔
انہوں نے 2018 میں کوئی ٹیکس نہیں ادا کیا۔ اور2014 سے 2018 کے درمیان ٹیسلا کے بانی نے 3.27 فیصد ٹیکس دیا جبکہ ان کی مالیت میں 13 بلین ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے بعد واشنگٹن میں ٹیکس ماہرین سر جوڑ کر بیٹھے اس بات پر غور کررہے ہیں کہ مالدار ٹیکس ناہندہ سے کس طرح ٹیکس وصول کیا جائے۔
فوربز میگزین 2021 کے مطابق لگاتار چوتھے سال بھی آن لائن تجارتی کمپنی ایمازون کے سربراہ جیف بیزوس دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 177 ارب ڈالرز ہے۔