وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل کے مابین ٹی وی ٹاک شو کے دوران جھگڑا،فردوس عاشق اعوان نے قادر خان مندوخیل کو تپھڑ رسید کردی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام کا ایک وڈیو کلپ سوشل میڈیا پہ وائرل ہوا ہے، جس میں وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل لڑتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق براہ راست پروگرام میں دونوں کے درمیان گرما گرمی بڑھنے پر پروگرام کے اینکر پرسن نے وقفہ لے لیا تھا۔ تاہم وقفے کے دوران بھی دونوں کے درمیان تلخی کم نہ ہوئی اوربات گلم گلوچ اور ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔
لائیو ٹاک شومیں فردوس عاشق اعوان اور قادر خان مندوخیل کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی عظمیٰ بخاری بھی بطور مہمان شریک تھیں، بات بجلی کی کمی سے شروع ہوئی اور ہوتے ہوتے ٹرین حادثے تک آ پہنچی۔ فردوس عاشق اعوان نے سندھ کے وزیر اعلی کے جائے حادثہ پرنہ جانے پر تنقید کی تو قادر مندوخیل نے کہا کہ وزیرِ ریلوے بھی تو نہیں پہنچے۔
اس کے بعد فردوس عاشق اعوان نے قادر خان مندوخیل کو کہا کہ وہ (پیپلز پارٹی) سرتا پا کرپٹ ہیں جس پر قادر خان مندوخیل نے بھی انہیں کرپٹ کہا اور پیپلز پارٹی کے دوران اقتدار بطور وزیر شمولیت کا بھی طعنہ دیا۔ قادر مندوخیل نے کہا کہ ایک نیوز چینل میں ان ہی کی جماعت کے ایک رہنما نے فردوس عاشق اعوان پر بسوں کی خریداری میں کرپشن کا الزام لگایا ہے اور اسی وجہ سے وہ وفاقی منصب سے ہاتھ دھو بیٹھیں تھیں، فردوس عاشق اعوان نے جواب میں کہا کہ وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کریں گی۔ اسی دوران بات بہت زیادہ بڑھ گئی اور میزبان نے وقفہ لے لیا۔
وفقے کے دوران کی لیک وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے قادر مندوخیل کا گریبان پکڑنے کی کوشش کی جو انہوں نے چھڑالیا۔ تاہم اس کے بعد معاون خصوصی نے رکن قومی اسمبلی کو تھپڑ رسید کردیا جس پر وہ بزور بازو فردوس عاشق اعوان کو روکتے نظر آئے۔