اسلام آباد:پاکستان کے اقتصادی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں 1 لاکھ کا اضافہ ہوا جب کہ جانوروں کی آبادی مجموعی طور 20 لاکھ سے بڑھ گئی۔
جمعرات 10 جون کو جاری اقتصادی جائزہ رپورٹ سال 21-2020 میں دلچسپ اعداد و شمار پیش کیے گئے۔
سروے رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے تین سالہ دور حکومت میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
اکنامک سروے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں برس جانوروں کی تعداد میں مجموی طور پر 20 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھینسیں، بھیڑ، بکریاں، اونٹ، گدھوں کی تعداد 20 کروڑ 94 لاکھ ہوچکی ہے۔
گذشتہ سال تک یہ تعداد 20 کروڑ 74 لاکھ تھی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد یہ تعداد 55 سے بڑھ کر 56 لاکھ ہوگئی جب کہ ایک سال کے دوران بھینسوں کی تعداد 14 لاکھ اضافے کے بعد 4 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ کر 4 کروڑ 24 لاکھ ہوگئی۔
گدھوں کی تعداد میں ہر سال اضافے کے باعث پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں گدھوں کی تعداد 56 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جب کہ پہلے نمبر پر چین اور دوسرے پر ایتھوپیا موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 12 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 16 لاکھ ہوگئی اور 20 لاکھ سے زائد کے اضافے کے ساتھ بکریوں کی تعداد 8 کروڑ کا ہندسہ عبور کرچکی ہے جب کہ گھوڑوں کی تعداد میں سال 2020-21 کے دوران کوئی اضافہ نہیں ہوا۔