کلرکہار کے میوزیم میں سیاحوں کی دلچسپی

کلرکہار میں واقع میوزیم اور تخت بابری کھلتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد سیاحت کے لیے وہاں پہنچ گئی۔

 تفصیلات کے مطابق پنجاب کے پُرفضا سیاحتی مقام کلرکہار میں چند ماہ پہلے محکمہ ٹوارزم نے ایک عجائب گھر بنایا تھا جہاں مغل بادشاہوں کے دور کے سکے، برتن، آلات موسیقی، زیورات، فوسلز اور دیگر نوادرات رکھے گئے ہیں۔

کورونا کے باعث عجائب گھر بند تھا، تاہم اب کیسز کم ہوتے ہی اس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، عجائب گھر کھلتے ہی سیاحوں نے یہاں آنا شروع کردیا ہے، عجائب گھر میں ہی تخت بابری ہے۔

یہاں تک پہنچنے کے لیے پتھروں کو کاٹ کر سیڑھیاں بنائی گئی ہیں مغل شہنشاہ ظہیر الدین بابر دہلی پر حملہ کرنے کے لیے اس مقام پر رکے تھے، یہیں انہوں نے باغ صفا بھی بنوایا تھا۔

محکمہ ٹوارزم کا کہنا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سہولتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔

سیاحتی مقامات کھلنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لوگ جہاں بھی جائیں کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھیں۔