صنعا: یمن کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے25کے قریب افریقی تارکین وطن ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افریقی تارکین وطن کو لے جانے والی کشی میں 160 سے دو سو کے قریب افراد سوار تھے اور گنجائش سے زیادہ افراد کی وجہ دو دن قبل الٹ گئی تھی۔ تاہم یمن کی خبری ویب سائٹ عدن الغاد نے ذرائع کے حوالے سے 150 کے قریب تارکین وطن کے ڈوبنے کی تصدیق کی ہے۔
جب کہ اے ایف پی کو یمن کے ساحلی صوبے لحج کے ایک ماہی گیر نے بتایا کہ وہ راس ال آرا کے ساحل سے اب تک 25 لاشوں کو نکال چکے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ راس ال آرا کی طویل ساحلی پٹی کو انسانی اسمگلروں کی جنت کہا جاتا ہے اور 20 کلومیٹر طویل یہ آبی راستہ یمن اور مشرقی افریقا کے ملک جبوتی کو علیحدہ کرتے ہوئے بحیرہ احمر اور خلیج عدن سے ملاتا ہے۔