سعودی حکومت نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں آب زم زم کی تقسیم کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے روبوٹ سروس متعارف کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی انتظامی امور کی کمیٹی کے سربراہ اور معروف امام عبدالرحمن السدیس نے نمازیوں میں آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کے لیے روبوٹ سروس کا افتتاح کردیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق یہ روبوٹ آب زم زم کی بوتلوں کو لیکر خود نمازیوں کے درمیان ایک مخصوص راستے سے عبادت میں رکاوٹ ڈالے بغیر گزریں گے، جہاں نمازی بآسانی ان روبوٹ سے آب آب زم کی بوتلیں اُٹھا سکیں گے۔ اس طرح آب زم زم کے لیے بھیڑ اور ہجوم کا خاتمہ ہوجائے گا۔
اس موقع پر عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سماجی خدمات کے لیے بہت اہم ہیں اور وبا کے دوران عبادت گزاروں کو مہلک وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہوگیا ہے۔