پاکستان پر پابندی لگ گئی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک مرتبہ پھر پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں پر 7 جولائی تک ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تازہ پیش رفت سے متعلق اتحاد ایئر نے آگاہ کیا۔

ابوظبی کی اتحاد ایئر لائن کے مطابق جو مسافر گزشتہ 14 دنوں کے دوران پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کا دورہ کرچکے ہیں وہ بھی متحدہ عرب امارات میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

ایئر لائن کی جانب سے واضح کیا گیا کہ سفارت کار، متحدہ عرب امارات کے شہری یا گولڈن ویزا ہولڈر اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ 'لیکن پی سی آر ٹیسٹ پرواز کی روانگی سے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل کا ہونا چاہیے'۔

خیال رہے کہ 14 جون شام 5 بجے تک دبئی کی اماراتی ایئر لائن نے تاریخ میں توسیع سے متعلق اپ ڈیٹ نہیں کی تھی۔

ان کی ویب سائٹ میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا کے مسافروں کے لیے 'آئندہ اطلاع تک' سفر معطل رہے گا۔