پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار نوجوان کو شرمندہ کرنے کےلیے اس کی اٹھارویں سالگرہ تھانے میں زبردستی منائی، جس کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پہ ڈال دی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ۔
خبروں کے مطابق، برازیل کی ریاست ریو گراندے دو نورتے میں مقامی پولیس نے گاڑیوں کے ٹیپ ریکارڈرز اور دوسرا چھوٹا موٹا سامان چرانے والے نوجوان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جس دن گرفتار کیا تو معلوم ہوا کہ وہی دن اس کی 18ویں سالگرہ بھی ہے۔
چور کو گرفتار کرکے تھانے لے جایا گیا جہاں اس کی والدہ کو بھی بلوا لیا گیا۔ اس کے بعد اس نوجوان چور کو شرمندہ کرنے کےلیے تھانے میں ہی اس کی 18ویں سالگرہ زبردستی منائی۔
اس سے زبردستی کیک کٹوایا گیا اور اسے کولڈ ڈرنک بھی پلائی گئی۔ اس دوران پولیس والے ’’ہیپی برتھ ڈے ٹو یو‘‘ گانے کے ساتھ ساتھ نوجوان پر جملے بھی کستے رہے اور اسے شرمندہ کرتے رہے۔
کیک کا ایک ٹکڑا اس نوجوان کو اور دوسرا اس کی والدہ کو زبردستی کھلایا گیا۔
یہی نہیں بلکہ ’’جبری سالگرہ‘‘ کی یہ تقریب فلمائی بھی گئی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی جو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں نوجوان کے چہرے پر شرمندگی اور بے بسی کے آثار دیکھے جاسکتے ہیں لیکن پھر بھی وہ پولیس والوں کے حکم کی تعمیل کرنے پر مجبور ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور دنیا بھر سے لوگوں نے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
دورانِ حراست کسی فرد سے پولیس کا یہ سلوک عوامی اکثریت نے ناقابلِ قبول اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
جلد ہی اس ویڈیو کے بارے میں برازیل کی ملٹری پولیس کو بھی خبر ہوگئی جس نے فوری طور پر ایک بیان میں کہا کہ جن پولیس والوں نے بھی یہ شرمناک حرکت کی ہے، ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کے اس طرزِ عمل کو بے رحمانہ کہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار اس بات کی خوشی منا رہے تھے کہ انہوں نے ایک چور کو ٹھیک اس دن گرفتار کیا ہے کہ جب وہ بالغ ہوچکا ہے اور اب اسے زیادہ سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔