کوئٹہ میں ایدھی کا قد آور مجسمہ نصب

عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کا قد آور مجسمہ کوئٹہ کے عبد  الستار ایدھی چوک پر نصب کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عبد الستار ایدھی کی وفات کے بعد زرغون روڈ پر واقع کوئٹہ کے ہاکی چوک کا نام عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کیا گیا۔

یہاں پہلے ان کا چھوٹا سا مجسمہ تھا لیکن اب فائبر گلاس سے17 فٹ بڑا مجسمہ  سول سیکریٹریٹ کے ساتھ نصب کیا گیا ہے۔ 

ایدھی کے نام سے منسوب یہ مجسمہ بلوچستان کے معروف مجسمہ ساز اسحاق لہڑی نے بنایا ہے۔

اسحاق لہڑی کا کہنا ہے کہ اس  مجسمہ پر دس لاکھ روپے کا خرچہ آیا ہے جس میں سے 6 لاکھ روپے پرائمری پبلک ہیلتھ انیشیٹو( پی پی ایچ آئی) نے دیے جبکہ چار لاکھ روپے انھوں نے خود خرچ کیے۔

معروف مجسمہ ساز  مزید کہتے ہیں کہ انھوں نے یہ مجسمہ عبد الستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بنایا ہے۔