ایران کے صدارتی انتخابات،4امیدوار میدان میں 

تہران: ایران میں صدارتی انتخابات جمعہ کوہونگے۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق ایران میں صدارتی انتخاب کے سلسلے میں جمعہ کو پولنگ ہو گی جس کے لیے 7 امیدوار میدان میں تھے تاہم 3 امیدواروں کی جانب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد اب 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی مضبوط ترین امیدوار ہیں اور عبدالناصر ہمتی کے ساتھ ان کا مقابلہ ہو گا۔ دیگر دو امیدواروں میں محسن رضائی اور ڈاکٹر امیر حسین غازی شامل ہیں۔

صدارتی انتخاب میں 5 کروڑ 90 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ایران میں صدر کا انتخاب براہِ راست عوام کے ووٹوں سے ہوتا ہے۔

 18 برس یا اس سے زیادہ عمر کے شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔اس بار صدارتی امیدواروں کے لیے 40 سے 70 سال کی عمر متعین کی گئی ہے۔

 صدارت کے منصب کے لیے امیدوار کو 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو انتخابات کے ایک ہفتے بعد سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے 2 امیدواروں کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہو گا۔