نائیجیریا میں پھر درجنوں طالبات اغواء

ابوجہ: نائیجیریا میں اسلحہ بردار حملہ آوروں نے پولیس اہلکار کو قتل کرکے اسکول سے 5 اساتذہ اور 80 طالبات کو اغوا کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں مسلح افراد نے ایک ہفتے کے دوران تیسرے اسکول پر حملہ کیا ہے۔

سکول کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش میں فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد حملہ آور اسکول میں داخل ہوگئے۔ مسلح افراد نے 5 اساتذہ اور 80 طالبات کو اغوا کرلیا اس دوران مزاحمت پر ایک طالبہ کو گولی مار کر اسکول میں ہی چھوڑ گئے۔

حملے میں محفوظ رہنے والے ایک استاد نے عالمی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ چند ماہ سے جاری طلبا کو اغوا کرنے کی وارداتوں کی وجہ بھاری تاوان کا ملنا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے اسکول کے قریبی جنگلات میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

تاحال کسی گروپ نے اسکول طالبات کے اغوا کی واردات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی کسی نے تاوان مانگا ہے۔