کابل ائیرپورٹ کی سکیورٹی ترکی کے حوالے کرنیکا فیصلہ

واشنگٹن:امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ترکی، کابل ایئرپورٹ کی سکیورٹی میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔

افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا کا عمل جاری ہے جو رواں سال 11 ستمبر سے قبل ہی مکمل ہونے کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جیک سلیوان نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ترکی کا روسی ایس400دفاعی نظام خریدنے کا طویل مدتی معاملہ حل نہ ہو سکا۔اس تنازعے کی وجہ سے دونوں نیٹو اتحادیوں کے درمیان تعلقات تنا کا شکار ہوئے تھے۔

تاہم جیک سلیوان نے کہا کہ معاملے پر بات چیت کا عمل جاری رہے گا۔امریکی مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ رہنماؤں کی جانب سے واضح عزم ظاہر کیا گیا کہ ترکی، حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حفاظت کے لیے مرکزی کردار ادا کرے گا اور اب ہم کام کر رہے ہیں کہ کس طرح اس طرف بڑھا جائے۔