تہران: ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی نے امریکی ہم منصب سے ملاقات، میزائل پروگرام اور خطے کے عسکری گروپوں کی حمایت ترک کرنے کے معاملے پر مذاکرات سے انکار کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی نے پہلی پریس کانفرنس میں صدر بائیڈن کو جوہری معاہدے میں شمولیت کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران پرعائد پابندیاں ختم کر کے امریکا اپنی سنجیدگی ثابت کرسکتا ہے اور اس سے کم پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
نومنتخب ایرانی صدر سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے تو ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ’’نہیں‘‘۔ اسی طرح میزائل پروگرام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے کہا کہ میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ایران کے نئے صدر کے بارے میں عالمی قوتوں نے اُن کے سخت گیر نظریات کے باعث پہلے ہی تشویش کا اظہار کیا تھا اور اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ہی صدر ابراہیم رئیسی نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔
ایران کے نئے صدر کے اس بیان پر تاحال وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
امریکا نے 1988 میں 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کو پھانسی کی سزا دینے کے الزام پر ابراہیم رئیسی پر پابندی عائد کردی تھی جب وہ ڈیتھ پینل میں بطور پراسیکیوٹر شامل تھے۔