کابل: طالبان نے کابل حکومت کے خلاف عسکری دبا ؤمیں مزید اضافہ کر تے ہوئے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔ متعدد حکومتی اہلکاروں نے اس پیش رفت کی تصدیق کی۔
دوسری جانب طالبان جنگجو ملک کے شمال میں تخار اور فاریاب کی صوبائی دارالحکومتوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ یکم مئی کو افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کا آغاز ہوا تھا اور اس کے بعد سے مجموعی طور پر طالبان اکتالیس اضلاع پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔
افغانستان کے چونتیس صوبے تقریبا چار سو اضلاع میں تقسیم ہیں۔ دریں اثناء امریکی صدر جو بائیڈن اپنے افغان ہم منصب اشرف غنی اور افغانستان کی اعلی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے ساتھ 25 جون کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔
یہ بات وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب طالبان کی مہم میں شدت آچکی ہے جب کہ صدر جو بائیڈن ستمبر تک افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کا اعلان کر چکے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق افغان صدر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان د یرپا روابط و شراکت پر غور کرے گابیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن افغان عوام کی سفارتی، معاشی اور فلاحی مدد کرتا رہے گا۔