مقبوضہ کشمیر؛ جموں ایئرفورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل علاقے میں 2 معمولی شدت کے دھماکے سنائی دیے گئے۔
بھارتی ایئر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 'کسی ساز و سامان کو نقصان نہیں پہنچا'۔
ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ 'ایک دھماکے سے عمارت کی چھت کو معمولی نقصان پہنچا البتہ دوسرا دھماکا کھلے مقام پر ہوا'، سول اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی روزنامے دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکا بھارتی وقت کے مطابق سب ایک بج کر 37 منٹ پر جبکہ دوسرا ایک بج کر 42 منٹ پر ہوا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکے کے فوری بعد فارنزیک ماہرین کی ایک ٹیم اور ایک بم ڈسپوزل ٹیم کو جائے وقوع پر بھجوادیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پورے جموں ڈویژن میں ایک الرٹ کی آواز بھی سنی گئی۔
ایک دوسرے اشاعتی ادارے اسکرول اِن کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (دہشت گردی کی کارروائی اور سازش سے متعلق) کی دفعہ16 اور 18 اور دی ایکسپلوزیو ایکٹ کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب دھماکوں سے تعلق کے شبہے میں 2 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ملزم کو پولیس نے ٹریکوٹا نگر پولیس تھانے کی حدود میں ایک شاپنگ سینٹر کے نزدیک سے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک دھماکا خیز ڈیوائس بھی قبضے میں لی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے اخبار کو بتایا کہ دھماکا خیز ڈیوائس کا وزن تقریباً 5 کلو تھا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دھماکوں کے بعد امبالا، پٹھان کوٹ اور آونتی پورا میں ایئرفورس اسٹیشنز کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔