لندن: برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کے اپنی گرل فرینڈ کو بوسہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیر صحت کے لیے قرعہ فال پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان ساجد جاوید کے نام نکلا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی نژاد سیاست دان ساجد جاوید کو وزیر صحت مقرر کر دیا گیا ہے۔
ساجد جاوید 2019 میں بطور وزیر داخلہ بھی ذمہ داری نبھا چکے ہیں اور 2014 میں وزیر ثقافت بنے۔ وہ 2010 کے عام انتخابات میں بروموسگرو سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔
مستعفی ہونے والے وزیر صحت کی مئی کی ایک سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی گرل فرینڈ کو گلے لگاتے ہیں اور بوسہ کرتے ہیں۔ جس پر عوام نے مطالبہ نے کیا تھا کہ وبا کے دوران ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر وزیر استعفیٰ دیں۔
کورونا وبا کے خلاف برطانیہ کے سب سے متحرک وزیر اور کورونا کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم میں پیش پیش ہینکوک نے وڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعظم بورس جانسن کو خط لکھا اور اپنے عمل پر معذرت کرتے ہوئے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔