کابل:امریکی فورسز کے انخلا کا عمل شروع ہونے کے بعد سے طالبان کی تیز رفتار پیش قدمی جاری ہے اور اب تک انہوں نے افغانستان کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا ہے۔
تازہ ترین پیش قدمی طالبان کی جانب سے کابل کے نواح میں کی گئی ہے جہاں انہوں نے کابل کے دو قریبی اضلاع پر قبضہ کرلیا جبکہ کابل کے قریب ترین شہر چاریکار پر قبضے کیلئے جنگ جاری ہے۔
افغان ٹی وی کے مطابق طالبان نے کابل سے ملحقہ صوبے پروان کے دو اضلاع سیاہ گرد اور شنواری پر گزشتہ کچھ روز کے دوران قبضہ جمالیا ہے اور اب وہ کابل سے 63کلومیٹر دور چاریکار شہر پہنچ چکے ہیں۔
چاریکار میں طالبان اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔طالبان کی جانب سے کابل سے 50 کلومیٹر دور درہِ غوربند پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر غوربند کے درے پر توجہ نہ دی گئی تو بہت جلد طالبان چاریکار شہر میں داخل ہوجائیں گے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے صوبہ وردک، تاخر، قندھار اور بلخ کے اضلاع پر قبضہ حاصل کرلیا ہے‘طالبان نے حکومتی فورسز کی طرف سے چھوڑی گئی فوجی گاڑیوں پر بھی قبضہ کر لیا۔کئی علاقوں میں طالبان اور افغان حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
ادھر صوبہ قندھار میں امریکی ڈرون حملوں میں 55 طالبان جنگجو مارے گئے ہیں۔