اسٹاک ہوم: سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لووین اپنے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے منظور ہونے پر عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن کے وزیر اعظم اسٹیفن لووین کے خلاف گزشتہ ہفتے تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جس میں 7 سالہ سے اقتدار پر براجمان اسٹیفن لووین اپنی اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہے تھے۔
تحریک عدم اعتماد کی منظوری کے بعد بھی عہدہ برقرار رکھنے کے لیے ان کی گئی تمام تر کاوشوں میں ناکامی کے بعد وزیراعظم نے اپنے عہدے سے باضابطہ استعفیٰ پیش کردیا جس کے بعد پارلیمنٹ کے اسپیکر نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں گے۔
وزیراعظم لووین ملک میں گھروں کے کرایوں میں اضافے پر نیا قانون بنا رہے تھے جس پر اپوزیشن نے بھرپور عوامی احتجاج کے بعد تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس کی حمایت وزیراعظم کی اتحادی جماعت لیفٹ پارٹی نے بھی کی۔
اسٹیفن لووین سویڈن کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں جنہیں عدم اعتماد کی تحریک میں ناکامی کے باعث عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔
54 سالہ اسٹیفن لووین 2014 میں پہلی بار وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور 2019 میں اتحادی حکومت کے ذریعے دوسری بار وزیراعظم بنے تھے۔
وزیراعظم کے پارلیمانی اتحاد کے پاس 349 رکنی ایوان میں سے 167 نشستیں تھیں جب کہ حکومت بنانے کے لیے 175 ارکان درکار ہوتے ہیں تاہم 4 ماہ کے سیاسی بحران کے بعد اسٹیفن کمزور حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔