اٹلی نے کورونا وائرس کو شکست دیدی

روم : اطالوی حکام نے کرونا پابندیوں کے مکمل خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو ہجوم والی جہگوں پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا یورپی ملک اٹلی تھا، جہاں گزشتہ کئی ماہ سے کرونا لاک ڈاؤن جاری ہے۔

کرونا وائرس پر قابو پانے کے بعد حکومتِ اٹلی نے تمام علاقوں کو وائٹ زون قرار دیتے ہوئے کئی مہینوں سے جاری پابندیوں کے مکمل خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب شہریوں کو باہر نکلتے ہوئے ماسک پہننا ضروری نہیں ہے لیکن ہجوم والی جہگوں پر سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان اطالوی وزیر صحت رابرٹ اسپرنزا نے کیا، انہوں نے کہا کہ پیر (آج) سے پورا اٹلی وائٹ زون ہوگا جہاں کسی کا ماسک پہننا لازمی نہیں ہوگا، لیکن احتیاط اور حکمت سے کام کرنے کی اب بھی ضرورت ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں ویکسی نیشن مہم دسمبر 2020 کے آخر میں شروع کی گئی تھی اور اس سال ستمبر کے آخر تک 80 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ اب تک اٹلی میں 1 کروڑ 78 لاکھ افراد کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔