کوئٹہ : سیاحت کے فروغ کیلئے اب چلے گی شٹل ٹورسٹ سروس ٹرین

محکمہ ریلویز نے بلوچستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوئٹہ سے بوستان اور کولپور کے لیے شٹل ٹورسٹ سروس ٹرین چلانے کافیصلہ کرلیا۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ محمود خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر کوئٹہ سے بوستان اور کولپور کے لیے محکمہ ریلویز نے شٹل ٹورسٹ سروس ٹرین چلانے کافیصلہ  کیا ہے۔

ڈی ایس ریلوے نے بتایا کہ شٹل ٹورسٹ سروس  سے صوبے میں نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ اس روٹ کے علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین اور افراد کو سفر کی نئی سہولت مل جائے گی۔

 محمود خٹک کا کہنا تھاکہ کوئٹہ سے شٹل ٹورسٹ ٹرین آزمائشی بنیادوں پر 3 اور 4 جولائی کو چلائی جائے گی، شٹل ٹورسٹ سروس ٹرین کے لیے لاہور سے نئی بوگیاں منگوائی جارہی ہیں۔

ڈی ایس کے مطابق آزمائشی ٹرین کے ٹرائل کے باعث 3 اور 4 جولائی کو کوئٹہ سے چمن کے لیے پسنجر ٹرین نہیں چلائی جائے گی۔