بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے۔
کمیونسٹ پارٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بھی چین پر اپنا تسلط اور دھونس جمانے نہیں دیں گے، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی کو بھی چینی قوم کی صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کرناچاہیے تاہم اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے۔
چینی صدر نے کہا کہ صرف سوشلزم میں ہی چین کی بقا اور ترقی ہے، ہم اپنی خود مختاری، سیکیورٹی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے قابل اعتماد اور زبردست صلاحیتوں سے آراستہ ہیں تاہم ملکی دفاع اور مسلح افواج کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔