دمشق: شام میں امریکا کے فوجی اڈے پر نامعلوم مقام سے راکٹ داغے گئے جس سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے مغربی صوبے دیئر الزور میں امریکا کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر المیدائن کے علاقے سے دو راکٹ داغے گئے جو امریکی فوجی اڈے کے اندر گرے۔
راکٹس ایران کے حمایت یافتہ گروہ کے زیر انتظام علاقے سے فائر کیے گئے تھے۔
شام میں برطانوی مانیٹرنگ ادارے نے دعویٰ کیا کہ راکٹ گرنے سے فوجی اڈے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔
امریکی حمایت یافتہ کرد سیئرین ڈیموکریٹک فورسز کے ترجمان نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوجی اڈے کو دو راکٹس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب شام میں اتحادی افواج کے ترجمان کرنل وائن ماروٹو نے راکٹ حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجی اڈے پر حملے کی خبریں درست نہیں۔
گزشتہ ہفتے بھی شام میں ایک امریکی فوجی اڈے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب امریکی فضائیہ ایران کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تیاری کر رہا تھا تاہم امریکی فوج نے اس حملے کی بھی تردید کی تھی۔
واضح رہے کہ شام میں اب بھی امریکی فوج کے ہزاروں اہلکار تعینات ہیں تاہم بغداد میں امریکی حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے شام میں امریکی فوجیوں پر حملے میں اضافہ ہوا ہے۔