سعودی عرب، ٹرک نے متعددکاروں کو روند ڈالا،2افراد جاں بحق

ریاض:سعودی عرب کے علاقے عسیر میں محایل کے مقام پراشارے ایک تیز رفتار ٹرک نے اشارے پر کھڑی متعدد کاروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس واقعے کی ایک ویڈیو فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہوئی جس میں اس المناک حادثے کو وقوع پذیر ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 سوشل میڈیا پر اس واقعے پر شہریوں کے رد عمل میں اسے خوفناک ٹریفک حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ابھا روڈ پر ایک اشارے پر کھڑی کاروں اور تیز رفتار ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ کاروں کے عقب سے آنے والا ٹرک بے قابوہو کر کاروں پر چڑھ گیا۔

 حادثے کے نتیجے میں کئی کاروں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ریسکیوٹیمیں اور ہلال احمر کی ایمبولینسیں موقعے پرپہنچ گئیں۔

ہلال احمر کے عسیر کے علاقے کے ترجمان احمد الالمعی نے بتایا کہ یہ حادثہ سوموار کو مقامی وقت کے مطابق نو بج کر 38 منٹ پر محایل گورنری میں پیش آیا۔

 ترجمان کاکہنا تھا کہ حادثے کے فوری بعد ہماری امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارکنوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔