واشنگٹن:امریکا نے بگرام ہوائی اڈہ رات کی تاریکی میں بغیر بتائے خالی کیا اور امریکی فوج نے روانگی کے وقت ہوائی اڈے کی روشنیاں بند کیں جبکہ اس حوالے سے نئے افغان کمانڈرکو آگاہ بھی نہیں کیا گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق افغان فوجی حکام کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈے کے نئے کمانڈرکو امریکی افواج کی روانگی کا 2 گھنٹے بعد علم ہوا۔
بگرام ہوائی اڈے کے نئے افغان کمانڈر جنرل میر اسداللہ کوہستانی نے خبرکی تصدیق کرتے ہوئے امریکی خبر رساں ادارے بتایا کہ جب ہم نے سنا کہ امریکی فوج نے بگرام ہوائی اڈہ خالی کردیا ہے تو ہم اسے افواہ سمجھے لیکن صبح 7 بجے کے قریب معلوم ہوا کہ امریکی فوجی واقعی جاچکے ہیں۔
افغان فوجی حکام کا کہنا تھاکہ امریکی فوج کے بگرام ہوائی اڈہ چھوڑنے کے بعد وہاں مسلح افراد نے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی، اگرامریکی اہلکارہوائی اڈہ خالی کرنے سے پہلے بتاتے تو لوٹ مار سے بچا جاسکتا تھا۔