افغان طالبان اور سیاسی رہنماؤں نے ایران کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر افغان طالبان اور سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیرِ خارجہ جوادظریف نے کہا کہ افغان رہنما اور افغان عوام افغانستان کے مستقبل کے لیے سنجیدہ فیصلے کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران فریقین کے درمیان مذاکرات عمل میں مدد کے لیےتیار ہے۔
افغان طالبان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذاکرات اور سیاسی حل کے لیے پر عزم ہونا افغان رہنماؤں اور سیاسی گروپوں کیلئے بہترین انتخاب ہو گا۔
افغان طالبان کے ترجمان کے مطابق طالبان کا وفد ایران میں کابل سے آنے والے افغان سیاسی رہنماؤں کے گروپ سے بھی ملاقات کرے گا۔
افغان طالبان کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران نے دو طرفہ مذاکرات کے لیے طالبان وفد کو دورے کی دعوت دی تھی۔