لاہور:2006 سے دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے والے ممالک پر نظر رکھنے والے ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے اس سال بھی طاقتور پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کی فہرست جاری کردی گئی۔
ہینلے پاسپورٹ انڈکس کے مطابق گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی جاپان کا پاسپورٹ سب سے زیادہ طاقتور ہے اور جاپانی پاسپورٹ کے حامل افراد 193 ممالک میں بغیر ویزے یا ائیرپورٹ پر پہنچ کر ویزہ حاصل کرنے جیسی سفری سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
انڈکس کے مطابق اس سال بھی دوسرے نمبر پر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سنگاپور کا ہے جس کے مسافروں کو 192 ممالک میں ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولیات حاصل ہیں جبکہ جنوبی کوریا اور جرمنی 191 ممالک میں سفری سہولیات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سوئٹزرلینڈ، بیلجیم اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس کی درجہ بندی میں تنزلی ہوئی ہے اور 2014 میں طاقتور پاسپورٹس رکھنے والے ممالک کے مسافروں کو حاصل سفری سہولیات میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ہینلے انڈکس کے مطابق چین اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں، چین 22 درجے بہتری کے بعد 90 نمبر سے 68 پر آگیا ہے جبکہ یو اے ای بھی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 65 ویں نمبر سے 15 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
انڈکس کے مطابق پاکستان سفری سہولیات کی درجہ بندی کے اعتبار سے 113 ویں نمبر پر ہے اور پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے 32 ممالک میں سفری سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔