ایران کے ریلوے نظام پر سائبرحملہ

 تہران:ایران کا ریلوے نظام سائبر حملے کی زد میں آگیا، ہیکرز کی جانب سے ملک کے تمام اسٹیشنز کے بورڈز پر ٹرین تاخیر کاشکار ہونے اور ٹرینوں کا شیڈول منسوخ ہونے کے جھوٹے پیغامات شائع کردیئے گئے، جس کے باعث افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے بورڈ پر پیغام آویزاں کیا کہ  سائبر حملے کی وجہ سے ٹرین تاخیر کا شکار ہے یا منسوخ ہوگئی ہے۔

ہیکرز نے بورڈ پر آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کا نمبر دیتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی کہ معلومات کے لیے اس نمبر پر کال کریں۔

ایران کے نیم سرکاری  خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویب سائٹ ہیک ہونے کے باعث ریلوے اسٹیشن پر بے مثال انتشار پھیل گیا۔تاہم سائبر حملے کی کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعے کے نتیجے میں ایران بھر میں موجود ٹرینوں کا الیکٹرانک ٹکٹنگ سسٹم ناکارہ ہوگیا ہے اور کہا گیا کہ یہ بھی سائبر حملے کا حصہ ہوسکتا ہے۔

 نیم سرکاری خبر رساں ادارے نے ابتدائی رپورٹ ہٹادی اور اس کے بجائے ریلوے کمپنی کے ترجمان صادق سکری کا بیان شائع کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ خلل کی وجہ سے ٹرین سروسز میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا ہے۔