متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کردیا۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات گزشتہ سال 13 اگست کو بحال ہوئے تھے اور دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد اب اس معاہدے کو ایک سال مکمل ہونے سے پہلے ہی متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق اسرائیل میں متحدہ عرب امارات کا سفارتخانہ تل ابیب میں کھولا گیا ہے جو تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں قائم ہے۔
اس سے قبل اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سفارتخانے کے افتتاح کی تقریب میں نئے اسرائیلی صدر اور اماراتی سفیر بھی شریک تھے جنہوں نے سفارتخانے کے افتتاح کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا اہم سنگ میل قرار دیا۔
اس موقع پر اسرائیلی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔