کابل:افغانستان میں ہفتہ کے روز متعدد فضائی حملوں اورجھڑپوں میں کم ازکم53طالبان عسکریت پسند ہلاک اور38دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان وزارت دفاع نے اتوار کے روز کہاکہ افغان فضا ئیہ (اے اے ایف)نے مشرقی صوبہ کاپیسا کے مضافاتی ضلع تگاب اور ہمسایہ ضلع نجراب میں افغان قومی دفاع وسکیورٹی فورسز(اے این ڈی ایس ایف)کی مدد کیلئے فضائی حملے کئے جس میں 18عسکریت پسند ہلاک جبکہ 24زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں طالبان کے 3ڈویژنل کمانڈرز شامل ہیں۔
دریں اثنا بیان کے مطابق جنوبی صوبہ ہلمند کے صدرمقام لشکر گاہ کے نواحی علاقوں میں افغان قومی دفاع وسکیورٹی فورسز(اے این ڈی ایس ایف)کی جانب سے صفایا کیلئے کئے گئے آپریشن کے دوران 20 طالبان عسکریت پسند ہلاک جبکہ 8دیگر زخمی ہوگئے۔
بیان کے مطابق شمالی صوبہ بلخ کے ضلع کلدار میں افغان فضا ئیہ کی جانب سے فضائی حملے میں 15طالبان عسکریت پسند ہلاک جبکہ6دیگر زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ تازہ ترین حملوں میں عسکریت پسندوں کی ایک گاڑی اور بڑے پیمانے پر ہتھیار اور گولہ و بارود تباہ کردیاگیا۔افغان سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں طالبان عسکریت پسندوں کیخلاف سکیورٹی آپریشنز تیز کردیئے ہیں۔