کینیڈا میں قتل پاکستانی جوڑے کی یاد میں سکالر شپ دینے کا اعلان

 ٹور نٹو:کینیڈا کی ویسٹرن یونیورسٹی آف اونٹاریو نے گزشتہ ماہ جون میں قتل کیے جانے والے پاکستانی جوڑے کی یاد میں ہر سال دو طرح کی سکالر شپس دینے کا اعلان کیا ہے۔

کینیڈا کی یونیورسٹی گزشتہ ماہ جون کے اوائل میں اونٹاریو میں دہشت گردی کے واقعے میں قتل کیے جانے والے سلمان افضال اور ان کی اہلیہ مدیحہ سلمان کے اعزاز میں دو طرح کی سکالرشپس فراہم کرے گی۔

پاکستانی نژاد جوڑے کو 6 جون کو دیگر دو اہل خانہ کے ہمراہ بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی ہر سال ’مدیحہ سلمان میموریل‘ اور ’سلمان افضال میموریل‘ سکالر شپس فراہم کرے گی۔

مدیحہ سلمان میموریل سکالر شپ سول اور ماحولیاتی انجینئرنگ کے شعبوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کرنے والی لڑکیوں کی دی جائے گی۔

اسی طرح سلمان افضال میموریل سکالر شپ ہر سال فزیکل تھراپی میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کو دی جائے گی جس یونیورسٹی نے پاکستانی نڑاد جوڑے کی یاد میں سکالر شپ کے قیام کا اعلان کیا ہے، دونوں نے اسی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی۔

مدیحہ سلمان نے یونیورسٹی سے انجینئرنگ میں ماسٹر کیا تھا اور وہ ماحولیاتی انجینئرنگ میں وہاں سے پی ایچ ڈی کر رہی تھیں کہ ان کا بہیمانہ قتل کیا گیا اور یونیورسٹی نے بعد از مرگ گزشتہ ماہ ہی انہیں ڈگری سے نوازا تھا۔

قتل کیے جانے والے سلمان افضل نے بھی اسی یونیورسٹی سے 2010 میں فزیکل تھراپی میں ماسٹر کرنے کے بعد کیئر ہوم میں انہوں نے ملازمت اختیار کی تھی۔

یونیورسٹی کی جانب سے پاکستانی جوڑے کی یاد میں سکالرشپس دیے جانے کے اعلان پر ان کے اہل خانہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدیحہ افضال مسلمان خاتون ہونے کے ناتے مساوات پر یقین رکھتی تھیں، اس لیے ان کی یاد میں دی جانے والی سکالر شپس بھی دنیا کے تمام خطوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو دی جائیں گی۔

خیال رہے کہ جوڑے کو 6 جون کو کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں ایک ٹرک ڈرائیور نے سلمان افضال اور مدیحہ سلمان سمیت ان کی 15 سالہ بیٹی یمنیٰ اور 9 سالہ بیٹے فیاض کو ٹکر مار کر ہلاک کردیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستانی خاندان کو مسلمان ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا تھا۔اسلاموفوبیا کے مذکورہ واقعے پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا تھا جب کہ کینیڈا بھر میں مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ بھی نکالے گئے تھے۔