ایف اے ٹی ایف شرائط، امریکا نے پاکستان کی حمایت کردی

واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے مکمل حمایت کرتے ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں اور پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 شرائط کو پورا کرلیا ہے جو تسلی بخش ہے اس لیے امریکا عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان کی ایف اے ٹی ایف پر کام جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ باقی کارروائیوں کو مکمل کیا جاسکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں کے اس سوال کے جواب میں کیا جس میں اُن سے پوچھا گیا تھا کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود نے بھارت پر ایف اے ٹی ایف پر سیاست کرتے ہوئے پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کرانے کے لیے کوشش کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اب تک گرے لسٹ میں ہماری وجہ سے ہے۔